۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان کا ساتواں سالانہ مرکزی مجلس عمومی اجلاس

حوزہ / اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان کا ساتواں سالانہ مرکزی مجلس عمومی اجلاس 19,20 نومبر 2022 ع بروز ہفتہ اور اتوار سکرنڈ سٹی ضلع نوابشاہ سندھ میں منعقد ہوا۔ جس میں برادر شہزاد رضا اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان کے مرکزی صدر منتخب ہوئے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان کا ساتواں سالانہ مرکزی مجلس عمومی اجلاس 19، 20 نومبر 2022ء بروز ہفتہ اور اتوار سکرنڈ سٹی ضلع نوابشاہ سندھ میں منعقد ہوا۔ جس میں کراچی ، حیدرآباد ، میرپورخاص ، مٹیاری ، نوابشاہ ، خیرپورمیرس ، سکھر ، گھوٹکی ، دادو ، شکارپور لاڑکانہ ، جیکب آباد ، کے این شاہ ، جامشور سمیت دیگر شہروں سے مجلس عمومی کے اراکین نے شرکت کی۔ برادر شہزاد رضا اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان کے مرکزی صدر منتخب ہوئے۔

تصاویر دیکھیں:

اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان کے نئے مرکزی صدر کا انتخابِ عمل

رپورٹ کے مطابق اجلاس میں 19 نومبر 2022ء بروز ہفتہ اجلاس کے پہلے روز مرکز، ڈویژن اور اضلاع کی کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔

چیئرمین تحریک استاد محترم سید حسین موسوی نے اسلامی معاشرہ سازی مجلس عمومی اجلاس سے خطاب کیا۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی تحریک اپنے ہدف و مقصد سے پہچانی جاتی ہے نہ کہ ذرائع سے جیسے عزاداری ایک مقصد ہے لیکن اب ہم نے عزاداری کے مقصد کو چھوڑ کر عزاداری کے ذرائع کو ہی مقصد بنا لیا ہے۔ کسی بھی نظام میں ادارے مقصد کو حاصل کرنے کے ذرائع ہوتے ہیں جو وقت اور حالات کے ساتھ بدلتے رہتے ہیں ۔ دین اداروں کی بنیاد پر نہیں چلتا بلکہ دین اس بنیاد پر چلتا ہے کہ اس کے مقاصد کون سے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلامی نظام میں بندگی صرف خدا کی ہے اسلام ایک انسان کو دوسرے انسان کا غلام ہونا پسند نہیں کرتا ۔ عدالت اسلامی نظام کا بنیادی مقصد ہے عدالت کا قیام لوگوں کو مایوسی سے نکال کر خوشحالی میں لاتا ہے ۔

مجلس عمومی اجلاس میں مجلس اعلیٰ کے قائم مقام صدر سید پسند علی رضوی کی زیر صدارت مرکز ، ڈویژن اور اضلاع کے صدور کے انتخابات کرائے گئے۔

عمومی اجلاس کے دوسرے روز 20 نومبر بروز اتوار جلسہ عام بعنوان یوم امام حسین علیہ السلام کا انعقاد کیا گیا۔

حجۃ الاسلام مولانا سجاد حسین آہیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کربلا کو واقعہ یا حادثہ کہنا زیادتی ہے ، حقیقت میں کربلا کو نہ سمجھنے کا نتیجہ یہ ہے کہ ہم کربلا کو واقعہ کہتے ہیں۔ جس کام کو تسلسل بخشا جائے وہ واقعہ یا حادثہ نہیں ہوتا بلکہ وہ تحریک ہوتی ہے۔ کربلا حقیقت میں ایک تحریک کا نام ہے۔

حجۃ الاسلام والمسلمین محمد بار زیدی نے یومِ امام حسن علیہ السلام سے خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنے اہداف کو آگے پہنچانے کے لئے جیسا ماحول ہو ویسے انتظامات کیے جاتے ہیں۔ یہی پہلو ہمیں امام حسن اور امام حسین علیہما السلام کی زندگی میں ملتا ہے۔ امام حسین علیہ السلام نے کربلا کا راستہ حالات کے مطابق اپنایا کیونکہ وہ دیکھ رہے تھے کہ اگر اس ظالم نظام کے خلاف قیام نہیں کیا گیا تو دین ختم ہوجائے گا۔ امام حسین علیہ السلام نے حق و باطل کے درمیان قیامت تک کے لئے ایک لائن کھینچ دی۔ امام حسین علیہ السلام کا راستہ حق کا راستہ ہے۔

یومِ امام حسین علیہ السلام سے چیئرمین تحریک استاد محترم سید حسین موسوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام حسین علیہ السلام کے کارناموں اور تحریک کو اچھے طریقے سے سمجھنے کی ضرورت ہے لیکن نہ تو ہم امام حسین علیہ السلام کی تحریک کو سمجھ سکے ہیں اور نہ سمجھا سکے ہیں۔ ہم صرف امام حسین علیہ السلام کے ساتھ اپنی عقیدت کا اظہار کرتے ہیں ، امام حسین علیہ السلام کو جذباتی مومنوں کی نہیں بلکہ معرفت ، علم اور بہادر مومنوں کی ضرورت ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ امام حسین علیہ السلام کی تحریک میں سیدہ زینب (س ) کا بڑا اہم کردار ہے ، یومِ حسن علیہ السلام اصل میں یومِ سیدہ زینب (س) ہے کیونکہ کربلا کی زمین پر کربلا بنانے والے امام حسین علیہ السلام ہیں لیکن اسی کربلا کو پوری دنیا تک پہنچانے والی شخصیت کا نام سیدہ زینب (س) ہے۔

یومِ امام حسین علیہ السلام سے حجۃ الاسلام مولانا غلام رضا سریوال ، حجۃ الاسلام مولانا مختار حسین امام اور برادر شہزاد رضا نے خطاب کیا۔

حجۃ الاسلام مولانا مختار حسین امامی نے صدارتی خطاب کے بعد مرکز ، ڈویژن اور اضلاع کے نئے منتخب صدور کا اعلان کیا اور ان سے حلف لیا۔

پروگرام میں تھیلی سیمیا میں مبتلا بچوں کے لئے آر بی سی جامشورو کے تعاون سے ڈونیشن کیمپ بھی لگایا گیا۔ پروگرام کا اختتام دعائے امام زمانہ ( عجل ) سے کیا گیا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .